بزنس ایکسپریس کے کرایوں میں کمی، نئے پیکیجز متعارف کرا دیئے گئے
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاک بزنس ایکسپریس ٹرین نے کرایوں میں نمایاں کمی کرتے ہوئے نئے پیکیجز متعارف کروادئیے ہیں ، اس سلسلے میں اب بجٹ کلاس کا ریٹرن ٹکٹ7000روپے جبکہ بزنس کلاس ریٹرن ٹکٹ 9000روپے میں دستیاب ہوگا۔ پاک بزنس ایکسپریس ٹرین کے ڈائریکٹر میاں شفقت علی نے کہا کہ نئے پیکیجز متعارف کرانے کا بنیادی مقصد لوگوں کو ریلیف مہیا کرنا اور پاک بزنس ایکسپریس ٹرین کو لوگوں کی پہنچ میں لانا ہے۔ پاک بزنس ایکسپریس ٹرین کامیابی سے چل رہی ہے اور اپنے آغاز سے اب تک 6 ماہ کے عرصہ میں پاکستان ریلوے کو 51کروڑ روپے سے زائد کی خطیر رقم دے چکی ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔