• news

مینگل کے بیان کی تائید، بلوچستان کے حالات شدید خراب ہیں: عمران

لاہور (خبر نگار) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سردار اختر مینگل کے سپریم کورٹ میں بیان کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے حالات شدید خراب ہوچکے ہیں اور 2008ءکے الیکشن کے بعد غیر نمائدہ اور کرپٹ حکومت بنائی گئی حالانکہ حقیقی عوامی نمائندوں نے الیکشن کا بائیکاٹ کیا تھا اور موجودہ کرپٹ اسمبلی ہر روز کروڑوں روپے اپنی جیب میں ڈالنے میں مصروف ہے۔ فوجی آپریشن بلوچستان کے مسئلے کا حل نہیں ہے بلکہ تباہ کن عمل ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ بلوچستان میں جاری آپریشن کی مخالفت کی ہے، ماضی میں بلوچستان میں ایسے پانچ آپریشن ہو چکے ہیں جس سے بہت نقصان پہنچا ہے اور اب بھی اگر ہوش سے کام لیا جائے تو بلوچستان کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی معاشی حالت باقی صوبوں کے مقابلے میں بہت ابتر ہو چکی ہے۔ تحریک انصاف اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو آزادانہ کام کرنے کی اجازت ہونی چاہئے تاکہ بلوچستان میں ایک اہل اور نمائندہ اسمبلی کا انتخاب عمل میں آسکے۔
عمران

ای پیپر-دی نیشن