خط کے معاملے پر اختلاف نہیں، مسودہ 5اکتوبر کو جمع کرادینگے:فاروق نائیک
لاہور( این این آئی) وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے کہا ہے کہ خط لکھنے کے معاملے پر کوئی اختلافات نہیں اور خط کا مسودہ 5 اکتوبر کو عدالت میں جمع کرا دیا جائیگا۔ پیپلز پارٹی عدلیہ کا احترام کرتی ہے اور وزرائے اعظم کا خود چل کر عدالت جانا اسکا ثبوت ہے ‘ آئین میں استثنیٰ کسی شخصیت کے لئے نہیں بلکہ عہدے کے لئے ہے ۔ اسلام آباد سے لاہور آمد کے بعد ائر پورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ پیپلز پارٹی عدلیہ کا احترام کرتی ہے ‘ ہمارا موقف آئین کے مطابق ہے جس میں صرف یہ کہا کہ صدر کو آئین کے تحت مکمل استثنیٰ حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ خط لکھنے کے معاملے یا ڈرافٹ پر کوئی اختلافات نہیں اور خط کا مسودہ 5اکتوبر کو عدالت میں جمع کرا دیا جائیگا ۔