دفعہ 144 نافذ، اسلام آبا د میں ڈبل سواری، کراچی میں جلسے جلوسوں پر پابندی
اسلام آباد + کراچی (این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) وفاقی حکومت نے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے اسلام آباد میں ڈبل سواری پر جبکہ سندھ حکومت نے کراچی میں ہر قسم کے جلسے جلوسوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اسلام آباد میں ڈبل سواری پر پابندی 2 روز کے لئے عائد کی گئی ہے۔ وزیر داخلہ رحمن ملک کی صدارت میں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی دارالحکومت میں کسی کو اسلحہ لے کر چلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ جلوسوں کو تخریب کاری کا نشانہ بنائے جانے کا خطرہ موجود ہے، کسی کو ریڈ زون اور ڈپلومیٹک انکلیو میں داخلہ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اسلام آباد میں امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں سکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے گا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ گذشتہ جلوس میں پکڑے گئے 201 مظاہرین سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق جلوس کے اندر اور باہر سے فائرنگ کے امکانات ہیں ا ور کسی بھی تخریب کاری کا امکان ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ خودکش حملہ آوروں کی اسلام آباد میں داخل ہونے کی اطلاع ہے جبکہ لاہور اور کراچی میں بھی دہشت گردی کا خطرہ ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق کراچی میں ہر قسم کے جلسے اور جلوس پر پابندی کا فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، چیف سیکرٹری اور ہوم سیکرٹری کی ملاقات میں کیا گیا۔ جلسے اور جلوس پر پابندی کا اطلاق تین دن کے لئے ہو گا۔ دفعہ 144 کے تحت ہر قسم کے اسلحے کی نمائش پر پابندی ہو گی۔