ٹی20 ورلڈ کپ: عمرگل اور عمر اکمل نے جنوبی افریقہ کے چھکے چھڑا دئیے‘ پاکستان کی جیت ‘ملک بھر میں جشن‘ آسٹریلیا نے بھارت کو پچھاڑ دیا
کولمبو + اسلام آباد + لاہور (سپورٹس رپورٹر + خصوصی نامہ نگار + خبر نگار + نامہ نگاران) پاکستان نے چوتھے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلہ کے اپنے پہلے میچ میں انتہائی سنسنی خیز مقابلہ کے بعد جنوبی افریقہ کو دو وکٹوں سے شکست دیدی جبکہ آسٹریلیا نے بھارت کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا۔ عمر اکمل اور عمر گل نے پاکستان کی یقینی شکست کو اپنی شاندار بلے بازی سے فتح میں تبدیل کر دیا، عمر گل نے 17 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز کھیلی۔ ٹاپ آرڈر بلے باز عمران نذیر، حفیظ، ناصر جمشید، کامران اکمل اور شاہد آفریدی کی انتہائی بدترین اور غیر ذمہ دارانہ بلے بازی نے ٹیم کو شکست کے دہانے تک پہنچا دیا تھا، عمر گل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا، پاکستان کی کامیابی پر پورے ملک میں جشن کا سماں رہا۔ چھوٹے بڑے شہروں میں نوجوان پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے، صدر زرداری، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، (ن) لیگ کے صدر نوازشریف سمیت سیاسی رہنماﺅں اور پی سی بی کے چیئرمین ذکا اشرف نے قومی ٹیم کو اس اہم کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی وےلےئرز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 133 رنز بنائے۔ ڈومینی 48 جبکہ ڈی ویلیئرز 25 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستانی باﺅلرز میں محمد حفیظ اور یاسر عرفات نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ عمر گل اور سعےد اجمل نے اےک اےک کھلاڑی کو آﺅٹ کےا۔ پاکستان کے چار کھلاڑی 37 رنز پر آﺅٹ ہو چکے تھے تاہم اس کے بعد شعیب ملک، عمر اکمل نے مل کر سکورکو 63 پر پہنچا دیا اس کے بعد شعیب 12 رنز بنا کیلس کے ہاتھوں آﺅٹ ہوئے اسی سکور پر آفریدی کوئی رنز بنائے بغیر آﺅٹ ہو گئے۔ پاکستان کی ساتویں وکٹ 76 پر گری جب یاسر عرفات تین رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے اس موقع پر پاکستان کی شکست یقینی نظر آرہی تھی تاہم عمر اکمل کا ساتھ دینے آنے والے عمر گل نے آتے ہی انتہائی جارحانہ انداز اختیار کیا اور صرف 17 گیندوں پر تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے، عمر گل کے آﺅٹ ہونے کے بعد سعید اجمل کھیلنے آئے اور اس وقت پاکستانی ٹیم کو ایک اوور میں صرف 9 رنز درکار تھے۔ پہلے عمر اکمل نے چھکا اور پھر سعید اجمل نے چوکا لگا کر ٹیم کو سپر ایٹ مرحلہ کی پہلی کامیابی سے ہمکنار کر دیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم آئندہ بھی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھے اور اسی جذبے سے کھیلے گی، قوم کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔ سید منور حسن اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے پوری قوم اور کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے اپنے پیغام میں کہا کہ کھلاڑیوں کی سخت محنت کی وجہ سے ٹیم کو کامیابی ملی ہے۔ گکھڑ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق جیت کی خوشی میں لوگوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا ڈالا، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ دوسرے میچ میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے، آسٹریلیا نے 141 رنز کا ہدف 15ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ آسٹریلیا کے شین واٹسن نے 72 رنز بنائے۔ واٹسن نے تین، کمنز دو اور سٹارک نے ایک بھارتی کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بھارت کی طرف سے واحد وکٹ یوراج سنگھ نے لی۔ شین واٹسن کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں تیسری پوزیشن پر آ گئی، جنوبی افریقہ کے خلاف جیت کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کی رینکنگ میں دو درجے بہتری آئی ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو ہرا کر 5 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کئے۔
میچ