یوتھ فیسٹیول : تحصیل سطح کا مرحلہ نئے ریکارڈ بناتے ہوئے ختم
آخری روز لاہور ڈویژن سے 6241 افراد کی شرکت، 2168 نے کامیابی حاصل کی
لاہور+فیروزوالہ+گوجرانوالہ (سپورٹس رپورٹر+نمائندگان) پنجاب یوتھ فیسٹیول کا تحصیل لیول مرحلہ نئے ریکارڈ قائم کرتے ہوئے اختتام پذیر ہو گیا۔ آخری روز لاہور ڈویژن سے 6241 افراد نے شرکت کی جس میں سے2168 افراد نے کامیابی کے جھنڈے گاڑے۔ صرف لاہور شہر ہی میں 1200 افراد کھیلوں کے مقابلوں میں شامل ہوئے جس میں سے 598 نے کامیابی حاصل کی۔ آخری روز کے مقابلوں میں سب سے قابل ذکر اور دلچسپ ایونٹ فن ریس تھا۔ 2.5 کلومیٹر ہونے والی اس دوڑ میں لاہوریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے اس ایونٹ میں جان ڈال دی۔ اقبال ٹا¶ن کی 19یونین کونسلز کے رہائشیوں کے درمیان نرسری سٹاپ جوہر ٹاون سے شروع ہونے والی ریس ایکسپو سنٹر پر ختم ہوئی۔ ریس میں یونین کونسل 113 کے علی بھٹی اول آئے، یونین کونسل 119 کے آصف بھٹی نے دوسری اور محمد تزئین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ عزیزبھٹی ٹا¶ن میں ہونے والے مقابلوں کے دوران فٹبال مقابلوں چنگ خورد نے تاجپورہ کو ہرا دیا جبکہ افشاں کلب نے شاہین کلب کو شکست دے دی۔ نشتر ٹا¶ن میں ہارڈ بال کرکٹ میچ میںیونین کونسل، ایک سو پچاس اور چھیاسٹھ کی ٹیمیں کامیاب رہیں۔شالیمار ٹا¶ن میں یونین کونسل انیس اور اٹھارہ کی ٹیمیں فتح یاب ہوئیں۔ رسہ کشی میں یونین کونسل 47، ٹیبل ٹینس میں بھی یونین کونسل 47، باسکٹ بال میں یونین کونسل 22 کی ٹیموں نے فتح سمیٹی۔ تحصیل فیروزوالہ کی آٹھ یونین کونسلوں کے 80کھلاڑیوں نے دوڑ میں حصہ لیا جس میں یونین کونسل نمبر37 کے اعجاز احمد نے اول، یونین کونسل نمبر26 کے عمران احمد نے دوئم اور جاویدنگر کے عبدالرزاق نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تحصیل گوجرانوالہ کی طرف سے گھوڑ ریس کا اہتمام کیاگیا۔ چھ گھوڑوں میں سے اذکار حسین امین پور سیداںکی گھوڑی اول جبکہ وقاص احمداور محمد اقبال بوتالہ شرم سنگھ سے آنے والی گھوڑیاں بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن کی حقدار ٹھہرائی گئیں۔