لاہور۔ نارووال سیالکوٹ سیکشن پر ٹرینوں کی بندش
مکرمی! لاہور۔نارووال اور سیالکوٹ سیکشنوں پر مسافر ٹرینوں کی بندش کو چھ ماہ سے زائد کا عرصہ گزر گیا، ریلوے حکام صرف ایک ٹرین کے سوا کوئی ٹرین نہ چلا سکے۔ لاثانی ایکسپریس صبح 9 بجے لاہور پہنچتی ہے اور تین بجے واپسی کیلئے روانہ ہوتی، چھوٹے سٹیشنوں پر سٹاپ نہ ہے جبکہ متذکرہ سیکشنوں پردرجنوں چھوٹے چھوٹے سٹیشن ہیں جہاں کے غریب لوگ روزگار کے سلسلہ میں لاہور جایا کرتے تھے، ٹرینوں کی بندش کے باعث ہزاروں کی تعداد میں محنت کش بیروز گاری کا شکار ہوئے ہیں اور ان کے گھروں میں فاقہ کشی ہے اوروہ بھیک مانگنے تک مجبور ہو چکے ہیں۔ واضح رہے کہ ان میں کئی سٹیشن ایسے ہیں جہاں ریل گاڑی کے سوا کسی ٹرانسپورٹ کا گزر نہیں ہوتا۔ ریلوے والوں سے التماس ہے کہ وہ ملکی مفاد کیلئے ٹھوس اقدامات کریں اور نااہل وزراءکو فی الفور فارغ کرکے محکموں کو فعال بنایا جائے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں اور بیروزگاری سے پریشان ہو کر خودکشیاں نہ کریں۔
(قمر اقبال گولاٹی، نارنگ منڈی)