• news

کشمیر اور فلسطین کے تنازعات حل کئے جائیں غ او آئی سی وزرائے خارجہ

نیویارک (خصوصی نمائندہ) اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے تنازعہ کشمیر اور فلسطین جیسے اہم مسئلہ کو حل کرنے اور اسلام کے تشخص کو بہتر بنانے کیلئے متحد ہوکر کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ 51 اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے سالانہ رابطہ اجلاس میں گستاخانہ فلم کی سختی سے مذمت کی گئی اور ایسی نفرت انگیز کارروائیوں کو روکنے پر زور دیا۔ اجلاس میں 85نکاتی مشترکہ اعلامیہ کی منظوری دی گئی جس میں جموں و کشمیر کے عوام کی اصولی حمایت کا اعادہ کیا گیا اور کشمیریوں کی اُمنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق انکے جائز حق خود اختیاری کو تسلم کرنے کیلئے کہا گیا۔ اعلامیہ میں انسانی حقوق کے مکمل احترام اور کشمیریوں کو ریلیف مہیا کرنے کیلئے عام مطلوبہ اقدامات اٹھانے کی اہمیت کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ اجلاس میں معصوم کشمیریوں کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور طاقت کے بے دریغ استعمال پر تشویش کا اظہار کیا گیا اس کے علاوہ اس امر پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے کہ بھارت نے او آئی سی کے حقائق کا کھوج لگانے والے کمشن کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرنے کی اجازت نہیں دی۔ 2156نامعلوم میتوں کی اجتماعی قبروں کی دریافت کی انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے تصدیق کی ہے اس صورتحال میں بھارت پر زرو دیا گیا کہ وہ اجتماعی قبروں کی دریافت کی آزادانہ تحقیقات کرائے۔ اعلامیہ میں گستاخانہ فلم کی بھی مذمت کی گئی۔ اجلاس میں افغانستان میں طویل المدتی بنیاد پر شراکت داری کے او آئی سی کے رکن ممالک کے اجتماعی عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اجلاس میں عالمی برادری سے مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے اور امتیازی روئیے کو روکنے کیلئے کوششیں کرنے کیلئے کہا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن