لاڑکانہ:چلڈرن ہسپتال میں مزید 9بچے جاں بحق، تعداد 12ہوگئی
لاڑکانہ(آئی این پی) لاڑکانہ کے چلڈرن ہسپتال میں مزید 9 نومولود بچے جاں بحق‘دو روز میںہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد 12 ہو گئی۔ صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ رکن قومی اسمبلی فریال تالپور نے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایک ہفتے میں چلڈرن ہسپتال میں آئی سی یو شروع کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے ڈاکٹرز کا ہنگامی اجلاس طلب کر کے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔واضح رہے کہ وارڈ میں 70 بچے آکسیجن پر تھے۔ 6گھنٹے سے بجلی معطل ہونے کے باعث کئی بچوں کی حالت تشویشناک ہوگئی۔ بچوں کے ورثا نے الزام لگایا تھا کہ ڈاکٹرز کی عدم موجودگی اور لوڈشیڈنگ کے باعث نومولود انتقال کرگئے۔