سوئس پارلیمنٹ نے حجاب کی حمایت میں بل کی منظوری دے دی
برن (اےن اےن آئی) سوئٹزر لینڈ کی پارلیمنٹ نے کثرت رائے سے مسلمان خواتین کے حجاب کی حمایت میں بل کی منظوری دی۔ مےڈےا رپورٹس کے مطابق حجاب سے متعلق بل پر سوئس پارلیمنٹ میں ہونے والی رائے شماری کے بعد منظور کی جانے والی قرارداد میں کہا گیا کہ مسلمان خواتین کے پبلک مقامات پر برقع اور حجاب اوڑھنے پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کی جا سکتی۔ قرارداد کی حمایت میں 93 جبکہ مخالفت میں 83 ووٹ آئے۔ حجاب کی حمایت کرنے والے ایک رکن پارلیمنٹ ھیوگ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خواتین کے حجاب کی اس لیے حمایت کی ہے کیونکہ اس پر پابندی کی صورت میں ہمارے ملک میں مسلمان ملکوں سے سیاحوں کی آمد بری طرح متاثر ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت مسلمان خواتین کو روزمرہ کے لیے مخصوص لباس زیب تن کرنے کی پابند کرتی ہے تو یہ ان خواتین کے لیے مشکل کا باعث ہو گا۔ گو کہ سوئٹزر لینڈ میں مسلمان خواتین اپنی مرضی کا ہلکا پھلکا لباس بھی پہنتی ہیں لیکن ہم ان کی مرضی سلب نہیں کر سکتے کیونکہ ایک معاشرے میں مختلف لباس اختیار کرنے والے افراد موجود ہوتے ہیں۔ دوسری جانب ملک میں حجاب کی مخالفت کرنے والے ارکان اور حلقوں کا کہنا ہے کہ حجاب سے مرد وزن میں تفریق کا عنصر ظاہر ہوتا ہے۔ وہ فرد کی آزادی تو سلب نہیں کرنا چاہتے البتہ ان کا مقصد مرد وزن کے درمیان مساوات کا قیام ہے۔