الیکشن کمشن عدم تحفظ کے شکار افراد کو سکیورٹی فراہم کرے: ارباب غلام رحیم
لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق وزیراعلیٰ سندھ اور مسلم لیگ ہمخیال کے صدر ارباب غلام رحیم نے کہا ہے ملک میں شفاف الیکشن کرانے کے لئے چیف الیکشن کمشنر کو اپنے آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے ان لوگوں کو سکیورٹی دینا چاہئے جو عدم تحفظ کے باعث الیکشن لڑنے ملک واپس نہیں آ سکتے۔ وہ گزشتہ روز دوبئی سے ٹیلی فون پر نوائے وقت سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا ملک میں اس وقت منی مارشل لاءنافذ ہے ہم جیسے لوگوں کے لئے سندھ کی دھرتی تنگ کر دی گئی ہے۔ ان حالات میں بھلا ہم کیسے آئیں اور الیکشن لڑیں گے۔ انہوں نے کہا سندھ میں جمہوری مارشل لاءایڈمنسٹریٹروں کی جمہوریت ضمنی انتخابات میں کئی مرتبہ بے نقاب ہوئی۔ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت اپنے مخالفین کو ضمنی الیکشن نہیں لڑنے دیتی جو الیکشن لڑنا چاہے اسے جیلوں میں ڈال دیا جاتا ہے۔ ”کرپشن گینگ“ کی موجودگی میں وقت پر عام انتخابات ہو جائیں تو بہت بڑا کمال ہو گا وگرنہ خدشہ ہے الیکشن کا وقت قریب آنے پر بلوچستان اور کراچی سمیت خیبر پی کے کے حالات کا بہانہ بنا کر ملک میں ہنگامی حالت نافذ کر دی جائے گی اور الیکشن نہیں ہوں گے۔