• news

افغانستان: طالبان کا حملہ‘ ٹینک تباہ ‘7 امریکیوں سمیت 12 اتحادی فوجی ہلاک‘ نیٹو آپریشن میں 37 جنگجگو جاں بحق

کابل (آن لائن) افغانستان میں طالبان کے حملوں اور سڑک کنارے نصب بم دھماکوں میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 12 اتحادی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ اتحادی افواج نے فضائی حملوں اور مشترکہ آپریشن میں 37 طالبان کو ہلاک اور 21 کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان اور نیٹو فورسز نے آپریشن میں 37 طالبان کو ہلاک جبکہ 21 طالبان کو گرفتار کر کے ان قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ صوبہ فراح میں طالبان نے امریکی فوج کے ایک ٹینک کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں سات امریکی فوجی ہلاک ہو گئے۔ صوبہ ہلمند میں شہریوں کی گاڑی اتحادی فوج کے ٹینک سے ٹکرانے سے 5 شہری جاں بحق ہو گئے۔ صوبہ ہرات میں آپریشن میں ایک اہم کمانڈر سمیت پانچ طالبان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن مجید آباد گاﺅں میں کیا گیا ہے جس میں امیر طالبان کمانڈر ملا اختر محمد اپنے پانچ ساتھیوں سمیت مارا گیا ادھر افغان صوبہ ہلمند میں اتحادی فوج کے جنگی طیاروں نے ضلع مرجہ میں بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں 10 طالبان ہلاک اور ان کے کئی ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ فضائی بمباری میں چار افغان شہری مارے گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن