مسئلہ کشمیر میں حکومتی دلچسپی صفر، عالمی سطح پر اُُسے اُجاگر نہیں کر سکی: فضل الرحمن
اسلام آباد (اے پی اے) پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ فوجی آپریشن تباہی کی نشانی ہے جہاں بھی ہوتا ہے وہاں حالات سدھرنے کے بجائے مزید بگڑ جاتے ہیں، بلوچستان میں پانچ مرتبہ فوجی آپریشن کیا گیا اور طاقت کا استعمال کیا گیا مگر اس سے حالات سدھرنے کے بجائے بگڑتے ہی چلے گئے، موجودہ حکومت ساڑھے چار سالہ دور میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مکمل ناکام رہی ہے۔ حکومت کی مسئلہ کشمیر میں دلچسپی صفر ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر منعقد ہونے والے کشمیر رابطہ گروپ میں گذشتہ چار سال سے کمیٹی کو نمائندگی کرنے کا موقع نہیں دیا گیا۔ اخبار نویسوں سے بات چیت کے دوران مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر کشمیر رابطہ گروپ کا اجلاس بھی ہوا مگر کشمیر چار سال کے دوران حکومت نے کشمیر کمیٹی کو اس اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا موقع فراہم نہیں کیا۔