• news

ٹی 20 ورلڈ کپ: بھارت نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا‘ اسلام آباد‘ ملتان میں شائقین لڑ پڑے‘ کئی زخمی

کولمبو / لاہور / اسلام آباد / ملتان (اے پی اے + بی بی سی ) ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں بھارت نے کولمبو میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دیکر خود کو فائنل کی دوڑ سے باہر نکلنے سے بچا لیا۔ ویرات کوہلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیدیا گیا۔ انہوں نے 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 78 رنز بنائے۔ اسلام آباد اور ملتان میں شائقین آپس میں ہی جھگڑ پڑے، دو گروپوں میں تصادم سے کئی افراد زخمی ہو گئے اور پولیس خاموش تماشائی بنی رہی، پاکستان کی ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کی حکمت عملی ناکام ہو گئی۔ پاکستان کی ساری ٹیم 19.4 اوورز میں 128 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ جواب میں بھارت نے مطلوبہ ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 17 اوورز میں ہی پورا کر لیا۔ بھارت نے پاکستان کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو ابتدا میں اسے نقصان اٹھانا پڑا جب گوتم گھمبیر کوئی رن بنائے بغیر رضا حسن کی گیند پر ان کے ہی ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہو گئے۔ بھارت کے دوسرے آﺅٹ ہونیوالے بیسٹمین وریندر سہواگ 29 رنز بنا کر شاہد آفریدی کی گیند پر عمر گل کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے۔ بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 78 رنز بنائے اور آﺅٹ نہیں ہوئے۔ یوراج سنگھ بھی 19 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ پاکستان نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ عمران نذیر عرفان پٹھان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے۔ غیر متوقع طور پر شاہد آفریدی کو ون ڈاﺅن بھیجا گیا بالا جی کی گیند پر باﺅنڈری لائن پر سریش رائنا نے کیچ کرکے پویلین پہنچا دیا۔ 61 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ اس کے بعد شعیب ملک اور عمر اکمل کے درمیان 42 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ شعیب ملک کے آﺅٹ ہونے کے بعد پاکستانی بلے باز یکے بعد دیگرے آﺅٹ ہوتے گئے۔ پاکستان اس سے پہلے بھی بھارت کو کبھی ایک روزہ عالمی مقابلوں میں یا ٹی 20 کے عالمی ٹورنامنٹس میں شکست نہیں دے پایا۔ پاکستان کی جانب سے شعیب ملک اٹھائیس رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہے۔ عمر اکمل نے اکیس رنز بنائے اور اس کے علاوہ آفریدی 14، عمران نذیر 8، ناصر جمشید 4، کامران اکمل 5 اور کپتان محمد حفیظ 15 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ عمران نذیر نے دو چوکوں کی مدد سے پانچ گیندوں پر آٹھ رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے عرفان پٹھان نے ایک، بالا جی نے تین، ایشون اور یوراج سنگھ نے دو، دو جبکہ کوہلی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ یاد رہے کہ پاکستان کی ٹیم بھارت کو اس ٹورنامنٹ سے پہلے ہونے والے ایک وارم اپ میچ میں ہرا چکی ہے۔ پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے اپنے آئندہ میچ میں آسٹریلیا کو شکست دینا ہو گی۔ علاوہ ازیں بھارت کے ہاتھوں شکست پر لوگ غم میں ڈوب گئے اور انتہائی دلبرداشتہ شائقین نے اپنے ٹی وی سیٹ توڑ ڈالے جبکہ بہت سے منچلے مایوسی کے عالم میں گھروں کو لوٹ گئے۔

ای پیپر-دی نیشن