خواتین ٹی ٹونٹی ورلڈکپ : ویسٹ انڈیز‘ نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا‘ پاکستان آج بھارت کا مقابلہ کریگا
گال (نوائے وقت رپورٹ) ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقہ کو بآسانی 10 وکٹوں سے شکست دے دی، فاتح ویسٹ انڈیز نے 71 رنز کا ہدف دسویں اوور میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا، سٹیفنی ٹیلر نے 33 اور جولیانہ نیرو نے 30 رنز بنائے۔ اتوار کو گال انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں ویسٹ انڈیز کی کپتان مریسا ایگولیرا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جنوبی افریقہ نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 70 رنز بنائے، ڈین وان نائیکرک 29 اور شبنم اسماعیل 16 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور نہ کر سکی، سٹیفنی ٹیلر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں جنوبی افریقہ کی ویمن ٹیم نے ہدف 9.4 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا، سٹیفنی ٹیلر نے 33 اور جولیانہ نیرو نے 30 رنز بنائے، سٹیفنی ٹیلر کو میچ کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا آخری گروپ میچ آج پیر روایتی بھارت کے خلاف کھیلے گا، دونوں ٹیمیں ابتدائی میچز میں شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہوچکی ہیں۔ ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں آج گروپ اے کے آخری دو میچزکھیلے جائیں گے، پہلا میچ پاکستان اور بھارت کی خواتین ٹیموں کے درمیان گال انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے میچ آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، دونوں ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کی ویمن کرکٹ ٹیم نے سری لنکا ویمن ٹیم کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا۔ سری لنکا کی ٹیم 17.4 اوورز میں 89 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ نیوزی لینڈ نے ہدف 15.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 90 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ ایس جے میکلیگن کو ویمن آف دی میچ قرار دیا گیا۔