• news

مجھے فخر ہے اپنے نظریاتی ہونے پر

دنیا میں ہر شخص کسی سوچ کے تابع ہوتا ہے اور یہ سوچ پختہ او ر کسی مقصد کے تابع ہو تو یہ نظریہ بن جاتا ہے اور اسکو اپنانے والے نظریاتی کہلاتے ہیں۔ خدا کا شکر ہے کہ اس نے مجھے بھی ایک مسلمان گھرانے میں پیدا کیا۔خدا کا شکر ہے کہ اس نے مجھے بھی ایک ایسے ملک کا شہری بنایا جو اللہ اور اسکے رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے نام پر بنا اور خدا کا شکر ہے کہ اسنے مجھے بھی نوجوانی میں ایسی اجتماعیت عطافرمائی جس نے میری سوچ کو ،میرے ذہن کواور میری جدوجہد کو صحیح رخ دیا یہ اسی اجتماعیت کا نتیجہ ہے کہ آج میں نظریاتی ہوں اور مجھے نظریاتیوں کی دوستی پر فخر ہے ۔ مجھے محبت ہے ان لوگوں سے جو اللہ اور اسکے رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اور ا نکے نام مبارک پر بننے والے ملک خداداد پاکستان سے محبت رکھتے ہیں اور یہی وہ واحد متفقہ نظریاتی دستورہے جو (ذاتی و معاملاتی کوتاہیوں و خامیوں کے باوجود ) ان ہستیوں سے محبت اور عقیدت کی وجہ ہے ۔شاید میرے کچھ نادان دوست یہ سمجھتے ہیں کہ میں نے کسی کو خوش کرنے کیلیئے نظریاتی کے ٹائیٹل سے کالم لکھنا شروع کیا لیکن یہ ان کی خام خیالی ، تنگ نظری اور بدگمانی ہے اپنے ان نادان دوستوں کوبتا دینا چاہتا ہوں کہ رزق دینے والی ذات صرف اور صرف اللہ تعالی کی ہے اور ہم سب صرف اور صرف اسی کے محتاج ہیں میں ہمیشہ سے دعا گو رہتا ہوں کہ اللہ پاک مجھے صرف اور صرف اپنا ہی محتاج رکھے اور ہمیشہ رزق حلا ل ہی عطا فرمائے (آمین)۔
تقریباً دو ماہ بعد کالم لکھنے بیٹھا ہوں‘ اس عرصے میں میرے ساتھ کچھ واقعات پیش آئے جس کی وجہ سے ذہن لکھنے کی جانب نہ آسکا تاہم میں ان ناظرین اور قارئین کا مشکور ہوں جنھوں نے نہ صر ف اپنی فون کالز بلکہ فیس بک پر مجھ سے رابطہ رکھتے ہوئے میرے کام کو سراہا۔مجھے انتہائی افسوس اور دکھ ہے کہ پاکستانی میڈیا اپنی ساکھ کھورہاہے اورصدافسوس یہ کہ وہ ادارے بھی کہ جن پر لوگوں کو نازہواکرتاتھا آہستہ آہستہ اپنی بنیادوں سے ہٹتے جارہے ہیں۔اس تما م ترصورت حال کے باوجود اگر کوئی یہ چاہتا ہے کہ مجھے میری نظریاتی بنیادوں، ایمانداری ،دینداری، حب الوطنی اورحق گوئی بیباکی سے دور کرنے کیلیئے مجھ پر دباو¿ ڈالے یا دھونس استعمال کرے تو یہ احمقوں کی جنت میں رہنے والی بات ہے کیونکہ مجھے صرف اور صرف اپنے پاک پروردگار کی ذا ت پر بھروسہ ہے جسکے ہاتھ میں سب کچھ ہے بالخصوص زندگی‘ موت اور رزق!!! اس لئے میں ہر صورت یہی کہوں گا کہ.... ہاں میں نظریاتی ہوں.... اور میرا نظریہ صرف اور صرف اسلام اور پاکستان ہے۔

ای پیپر-دی نیشن