• news

شفاف انخابات کیلئے سیاسی جماعتوں کی تجاویز الیکشن کمشن کمیٹی کے سپردق مزید مشاورتی اجلاس ہونگے

اسلام آباد (راجہ عابد پرویز/ خبرنگار) سیاسی جماعتوں کی طرف سے دی جانے والی تجاویز الیکشن کمشن آف پاکستان نے چیئرنگ کمیٹی کے سپرد کر دیں۔ کمیٹی کی طرف سے مسودہ کی تیاری کے بعد حتمی سفارشات کے لئے تمام بڑی سیاسی جماعتوں کو مشاورت کے لئے دوبارہ مدعو کیا جائے گا اور یہ مشاورتی اجلاس اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں متوقع ہے۔ ڈی جی الیکشن کمشن شیرافگن کی سربراہی میں چیئرنگ کمیٹی نے مشاورتی اجلاس کے پہلے مرحلے میں سیاسی جماعتوں کی طرف سے دی جانے والی تجاویز پر سفارشات تیار کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے جو اگلے ہفتہ تک چیف الیکشن کمشنر کو پیش کر دی جائیں گی۔ مشاورتی اجلاس میں سیاسی جماعتوں کی تجاویز اور چیئرنگ کمیٹی کی سفارشات رکھی جائیں گی۔ فائنل ہونے والی سفارشات پر الیکشن کمشن آف پاکستان آئندہ الیکشن کے لئے اپنا لائحہ عمل تیار کرے گا۔ ثنا نیوز کے مطابق سیاسی جماعتوں سے عام انتخابات میں فوج کی تعیناتی، بلوچستان کے ہر ضلع کےلئے قومی اسمبلی کی نشست مختص کرنے اور انتخابی عمل کے دوران سکیورٹی کی صورتحال کے بارے میں پارٹی قیادت سے مشاورت کے ذریعے اس بارے میں اپنی تجاویز سے فوری طور پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کو آگاہ کرنے کے بارے میں کہا گیا ہے۔ پولنگ سٹیشنوں پر ناپسندیدہ عناصر کی آمدورفت کو روکنے کے لئے ہر پولنگ سٹیشن پر فوج کے دو جوان تعینات کرنے کی تجویز دی گئی ہے، سیاسی جماعتوں کی تجاویز کی روشنی میں پولنگ سٹیشنوں کی تعداد کو 64 ہزار سے بڑھا کر 90 ہزار کرنے کا بھی سنجیدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے مشاورتی اجلاس میں شریک سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں سے کہا تھا کہ وہ متذکرہ تجاویز پر حتمی فیصلہ سے کمشن کو آگاہ کریں جس پر ان سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے الیکشن کمشن سے وقت مانگتے ہوئے کہا کہ وہ اس بارے میں پارٹی قیادت سے ہدایات حاصل کر کے موقف سے کمشن کو آگاہ کر دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن