اختر مینگل کے 6نکات کی کھل کر حمایت کرنی چاہئے: جاوید ہاشمی
لودھراں + بہاولپور (نامہ نگار+ اے پی اے) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے ہر گھر میں صف ماتم بچھی ہے۔ اس کے ذمہ داروں کی ہمیں نشاندہی کر کے منطقی انجام تک پہنچانا چاہئے۔ لودھراں میں پی ٹی آئی کے رہنما سید رضائے شاہ کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ اختر مینگل کے چھ نکات کی ہمیں کھل کر حمایت کرنی چاہئے۔ فوج کے بجائے الیکشن کمیشن اور عدلیہ کی نگرانی میں الیکشن کی حمایت کرتے ہیں۔ پاکستان میں جو حکومت اقتدار میں ہے عوام ان سے واقف ہیں۔ اس لئے وہ اب تبدیلی چاہتے ہیں۔ بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق بہاولپور میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ہم سچے لوگ ہیں۔ ہم وطن کو لوٹنے والوں کو پکڑ کر لائیں گے۔ ہم انصاف کی بات کرتے ہیں۔ عوام کو چاہئے آئندہ الیکشن میں ان چوروں اور لٹیروں کو بھول کر بھی ووٹ نہ دیں۔ انہوں نے کہا آج کا یہ ہجوم دیکھ کر میں کہتا ہوں بہاولپور کی عوام نے فیصلہ کر دیا ہے کہ وہ تحریک انصاف کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا میں نے (ن لیگ) کو کہا تھا بہاولپور کو صوبہ بناﺅ تو مسلم لیگ والوں نے کہا اسے پکڑ کر مارو یہ پارٹی پالیسی کے خلاف بات کرتا ہے۔ انہوں نے کہا ہم ڈرون حملوں کی اجازت نہیں دیتے۔ پنجاب حکومت مقروض ہے لوگوں کو تعلیم کی سہولتیں نہیں مل رہیں۔ انشاءاللہ عمران خان لٹیروں کے گلے میں ہم ہاتھ ڈالیں گے اور لوٹا ہوا پیسہ واپس لیں گے۔ قبل ازیں تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر اعجاز چودھری نے خطاب کرتے ہوئے کہا ملک میں گیدڑوں کی کمی نہیں۔ شیر صرف عمران خان ہے۔ پاکستان کے اندر ظلم کا بازار ہے۔ اس ظلم کے خلاف آج ہم میدان میں آئے ہیں۔