بلوچستان کے مسئلہ کو صرف نواز شریف ہی حل کر سکتے ہیں: چنگیز مری
لاہور (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے مرکزی نائب صدر چنگیز مری نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان کا مسئلہ حل کرنے کے لئے سنجیدہ نہیں ہے۔ نواز شریف ہی وہ واحد قومی لیڈر ہیں جو بلوچستان کے مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ ہیں۔ پاکستان کا اب سب سے بڑا مسئلہ بلوچستان کا ہے اور اس مسئلہ کو صرف نواز شریف ہی حل کر سکتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بلوچستان کے مسئلہ کے حل کی بھرپور کوششیں جاری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور آمد پر ائر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر چودھری عبدالغفور نے ائر پورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ چنگیز مری نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لئے تفصیلی بات چیت کی جائے گی اور ناراض دوستوں کو منایا جائے گا اور مسئلہ کے حل کے لئے بلوچ رہنما لاہور آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایسے کوئی اقدامات نہیں کئے جس سے مسئلہ کے حل میں کوئی پیش رفت ہوئی ہو۔