اسرائیلی فوج کی فائرنگ ،فلسطینی ماہی گیر شہید
غزہ (ثناءنیوز) اسرائیلی بحریہ کے ظالم اہلکاروں نے فلسطین کے مغربی ساحلی پٹی غزہ کے ایک ماہی گیر کو فائرنگ کرکے شہید کردیا ہے۔ اسرائیلی فوجی بوٹ پر سوار صہیونی اہلکاروں نے گزشتہ روز آٹومیٹک اسلحے سے مچھلیوں کے شکار میں مصروف فلسطینی نوجوان پر فائرنگ کردی تھی۔شہید ہونے والے فھمی صلاح ابو ریاش، بائیس سالہ، کی کشتی پر جس وقت فائرنگ کی گئی اس وقت کشتی میں دو دیگر ماہی گیر بھی سوار تھے۔ اسرائیلی فائرنگ سے یہ دونوں بھی شدید زخمی ہو گئے ہیں جنہیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ تین زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا جن میں دو بھائی بھی شامل تھے۔ ایک بھائی فھمی صلاح ابو رہائی انتہائی شدید زخمی تھا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔