بلوچستان کے مسئلے کا حل محرومیوں کے خاتمے سے ہی ممکن ہو گا: قاضی
بٹ خیلہ (آئی این پی) جماعت اسلامی کے سابق امیر اور ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسئلے کا حل پر امن مذاکرات اور وہاں کے عوام کی محرومیوں کے خاتمے سے ہی ممکن ہوگا، عالمی قوتوں کی نظریں بلوچستان پر ہیں ، حکومت اور فوج زور زبردستی کاراستہ چھوڑ دیں تمام سیاسی اور عسکری قوتوں کو اس مسئلے پر سنجیدگی اور فراخدلی کا مظاہرہ کرنا چاہیے ایم ایم اے کی بحالی چاہتے ہیں مگر کسی کی سیاسی بلیک میلنگ برداشت نہیں کی جاسکتی ملک کو بلدیاتی نہیں عام الیکشن کی ضرورت ہے۔ وہ گزشتہ روز پیغام قرآن کانفرنس سے خطاب کے بعد صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ قاضی حسین احمد نے کہا کہ ہم روز اول سے ایم ایم اے کی بحالی کے لئے کوشاں ہے اس لئے کہ ایم ایم اے خطے کے عوام کے امیدوں کی واحد اور آخری کرن ہے۔