فرزانہ راجہ کی واشنگٹن میں صدر ورلڈ بنک سے ملاقات
لاہور (خبر نگار) وفاقی وزیر اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) فرزانہ راجہ نے واشنگٹن میں عالمی بینک کے صدر دفتر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر کے علاوہ دنیا بھر سے آئے ہوئے اعلیٰ سطح حکام سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر بی آئی ایس پی اور عالمی بینک کے درمیان تعاون کو زیر بحث لایا گیا۔ فرزانہ راجہ سے ملاقات کے دوران عالمی بینک کی مینجنگ ڈائریکٹر سری ملیانی اندرہ وتی نے مختصر عرصہ میں سماجی تعاون کے شعبہ میں بی آئی ایس پی کی زبردست کامیابیوں کو سراہا۔ انہوںنے چیئرپرسن بی آئی ایس پی کی طرف سے غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والے خاندانوں کو براہ راست سبسڈی دینے کے خیال کو اہم قرار دیا۔ اندرہ وتی نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی کی جانب سے دورہ پاکستان کی دی گئی دعوت قبول کی۔بعدازاں چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے چند اہم ممالک (امریکہ، برطانیہ، جاپان ، جرمنی، ایران) میں عالمی بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کےساتھ ملاقاتوں اور اپنے اعزاز میں دی جانے والی عشائیہ تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے بی آئی ایس پی کی مختصر عرصہ میں کامیابیوں کی تفصیلات پیش کیں۔ فرزانہ راجہ نے بعدازاں عالمی بینک (پاکستان ڈسک)کے عملے سے خطاب کرتے ہوئے غریب کی خدمت اور خواتین کی بااختیاری کے حوالے سے بی آئی ایس پی کے مقاصدکے حصول ممکن بنانے میں علاقائی اور عالمی ترقیاتی اداروں کی کردار کو سراہا۔