میلہ دیکھنے جانیوالے تین دوست کار حادثہ میں جاں بحق
دریا خان (نامہ نگار) ڈیرہ اسماعیل خان سے کروڑ لعل عیسن کا میلہ دیکھنے کے لئے جانے والے چار افراد کی کار کو کوٹلہ جام کے قریب خوفناک حادثہ۔ تین افراد ہلاک ہو گئے۔ چوتھا شدید زخمی ہو گیا۔ ڈیرہ اسماعیل ظفر کالونی کے رہائشی چار دوست ڈیرہ اسماعیل خان سے کروڑ لعل عیسن ضلع لیہ کا سالانہ میلہ دیکھنے اپنی کار پر براستہ بھکر کروڑ جا رہے تھے جب وہ ڈی آئی خان روڈ‘ کوٹلہ جام سے 5 کلومیٹر پر پہنچے تو تیز رفتاری کی وجہ سے ٹرک سے ٹکر کی وجہ سے کار کی سمت تبدیل ہو گئی اور بھکر سے ڈیرہ اسماعیل خان کی طرف جانے والا ٹرک اس کار پر چڑھ گیا اور کار مکمل تباہ ہو گئی۔ اطلاع پر ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں مگر کار ٹرک کے نیچے سے نہ نکل سکی جس پر پولیس اور امدادی ٹیموں نے کار کے ٹکڑے کر کے مرنے والوں اور زخمی کو باہر نکالا۔ جاں بحق ہونے والے نوجوانوں میں خورشید عالم‘ بادشاہ خان‘ مسعود الحسن خان شامل ہیں جبکہ ان کا چوتھا ساتھی عبدالصمد شدید زخمی ہوا۔