روسی وزیر خارجہ کل دو روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) روس کے وزیرخارجہ سرگئی وکٹورووچ لاروف دو روزہ سرکاری دورے پر کل بدھ کے روز اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ ان کی یہاں آمد، روسی صدر ولادی میر پیوٹن کا دورہ پاکستان ملتوی ہونے کے باعث پیدا شدہ منفی تاثر کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہو گی۔ سرگئی وکٹورووچ لاروف کے قیام اسلام آباد کے دوران پاکستان کے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی روس کے چار روزہ تاریخی دورے پر ماسکو پہنچ چکے ہوں گے۔ دفتر خارجہ کے ایک ذریعے کے مطابق وزیرخارجہ حنا ربانی کھر نے روسی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی پہلے سے دعوت دے رکھی تھی لیکن تاریخیں طے نہیں تھیں۔ ماسکو سے یہاں پیغام موصول ہوا کہ روس کے وزیر خارجہ ان ہی تاریخوں میں دورہ پاکستان کے متمنی ہیں جن تاریخوں میں ولادی میر پیوٹن نے آنا تھا۔ اسلام آباد کی طرف سے روسی پیشکش کا خیرمقدم کیا گیا۔ اس ذریعے کے مطابق سرگئی وکٹورووچ لاروف کا یہ غیر معمولی دورہ ہے جس کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ روس، پاکستان کے ساتھ تجدید تعلق کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ اسی دورے کے موقع پر روسی صدر کی پاکستان آمد، پاکستان، روس، تاجکستان اور افغانستان کی چار ملکی کانفرنس کے نئے شیڈول پر بھی بات ہو گی۔ دونوں دارالحکومتوں کی کوشش ہے کہ روسی صدر رواں سال کے اختتام سے پہلے اسلام آباد آ سکیں۔ اسلام آباد میں قیام کے دوران روسی وزیر خارجہ اپنی پاکستانی ہم منصب حنا ربانی کھر کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات کریں گے۔ ان مذاکرات میں باہمی تعلقات، معاشی وتجارتی روابط، پاکستان میں روس کی سرمایہ کاری، خطے میں سلامتی کی صورتحال، افغانستان کے حالات اور بہتری کے امکانات اور اس ضمن میں پاک روس تعاون کے موضوعات زیر غور آئیں گے۔