نیٹو کنٹینر کیس: نیب اور ایف بی آر کو 16 اکتوبر تک رقم کی وصولی میں پیشرفت سے آگاہ کرنے کا حکم
اسلام آباد( نمائندہ نوائے وقت ) سپریم کورٹ میں نیٹو کنٹینرز کیس میںنیب اور ایف بی آر حکام کو16 اکتوبر تک عملدرآمد کے بارے مےں پیش رفت سے آگاہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ پیر کوچیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے نیٹو کنٹینرز عمل درآمد کیس کی سماعت کی۔جس دوران جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیئے کہ نیٹو کنٹینرز سکینڈل میں قومی خزانے کو 69ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا ، کیا اب تک 69روپے بھی وصول کیے گئے ہیں؟ ایف بی آر کے وکیل نے کہا انشا اللہ یہ رقم آ جائے گی، جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ انشا اللہ 2020ءمیں ہی آئے گی۔ نیب کے وکیل نے استدعا کی کہ عملدرآمد کے لیے دو ماہ کا وقت دیا جائے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کا کہنا تھا کہ دو برس گزرنے کے باوجود کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔چیف جسٹس نے نیب اور ایف بی آر حکام کوآئندہ سماعت تک عملدرآمد کے بارے مےں پیش رفت سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔ مزید سماعت 16 اکتوبرکو کی جائے گی۔