کشمیر اٹوٹ انگ ہے، کرشنا کا جنرل اسمبلی میں بھی الاپ
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ پاکستان کے ساتھ معاملات بات چیت سے حل کرنا چاہتے ہیں۔ جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے۔ مقبوضہ کشمیر بھارت کا حصہ ہے۔ افغانستان کے بارڈر پر دہشت گردوں کے ٹھکانے ہیں۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت ہمسایہ ممالک سے پرامن تعلقات چاہتا ہے۔ بھارت افغانستان کی تعمیر نو میں مدد کرے گا۔بھارت کے اصولی م¶قف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ہمارا م¶قف مسلسل بالکل واضح ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ہمیشہ بھارت کے جمہوری عمل میں اپنی قسمت کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جاتا رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام ہر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیساتھ تعلقات میں بہتری آرہی ہے اور دونوں ملک اپنے تعلقات کو معمول پر لانے کیلئے بتدریج آگے بڑھ رہے ہیں اور بات چیت کا عمل جاری ہے۔ بھارت پاکستان کیساتھ تعمیری‘ مثبت اور دوستانہ تعلقات چاہتا ہے۔ ہم خطے کے دیگر ممالک کیساتھ بھی بہتر تعلقات کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم خطے کو پرامن‘ مستحکم اور خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں اور جنوبی ایشیا‘ سنٹرل ایشیا اور مشرق وسطیٰ سمیت تمام خطوں کے ممالک کیساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔ بھارت سارک کے پلیٹ فارم سے جنوبی ایشیا کے تمام ممالک اور پڑوسیوں کیساتھ تعلقات کو فروغ دے رہا ہے۔ پاکستان سے تعلقات بہتری کی جانب بڑھ رہے ہیں۔