اورکزئی: بارودی سرنگ کا دھماکہ‘ ایک سکیورٹی اہلکار جاں بحق‘ فورسز کی کارروائی میں 7 شدت پسند مارے گئے
کلائیہ (ثناءنیوز) اپراورکزئی ایجنسی میں پےر کو بارودی سرنگ پھٹنے سے ایک سکیورٹی اہلکار شہید دو زخمی ہو گئے جبکہ فورسز کی کارروائی میں7 شدت پسند مارے گئے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق اپراورکزئی ایجنسی کے علاقہ ماموزئی میں سکیورٹی اہلکار گشت پر مامور تھے کہ اس دوران سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ زوردار دھماکے سے پھٹ گئی۔ دہشت گردی کی اس کارروائی میں ایک سکیورٹی اہلکار موقع پر جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہوئے۔ دھماکے کے بعد ماموزئی میں فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 7 شدت پسندوں کو ہلاک جبکہ ان کے 2 ٹھکانے تباہ کر دیئے۔ زخمیوں کو سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے ماموزئی میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر بھاری توپ خانہ سے گولہ باری کی جس کے نتیجہ میں سات عسکریت پسند جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے جبکہ عسکریت پسندوں کے دو ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے ۔ فورسز کا علاقہ میں آپریشن تاحال جاری ہے۔بنوں سے آئی این پی کے مطابق بنوں کے علاقے نورڑ میں سکیورٹی فورسز کے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ایک مشتبہ مکان پر چھاپہ مار کر 6 میزائل برآمد کر لئے تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔