• news

ضمنی انتخابات: پیپلز پارٹی نے پنجاب کے حلقوں سے امیدواروں کا اعلان کر دیا

لاہور (خبرنگار) سپریم کورٹ کے دوہری شہریت کے فیصلے سے خالی ہونے والی نشستوں کیلئے پیپلز پارٹی نے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے جب کہ عام انتخابات میں ق لیگ سے مل کر الیکشن کی تیاریوں اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے 5 رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ یہ فیصلے صدر زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کی سربراہی میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کئے گئے۔ لاہور سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 144 کیلئے زاہد ذوالفقار خان، سیالکوٹ پی پی 122 کیلئے سیکرٹری اطلاعات پی پی پی پنجاب راجہ عامر خاں، گوجرانوالہ کی نشست پی پی 92 کیلئے ضلعی صدر لالہ اسد اور ساہیوال کے این اے 162 کیلئے زاہد اقبال کو دوبارہ ٹکٹ دے دیا گیا ہے۔ وہ الیکشن لڑنے کیلئے اپنی برطانوی شہریت چھوڑ دیں گے اگر ایسا نہ کر سکے تو ان کی جگہ ان کی اہلیہ یا صاحبزادے کو بھی الیکشن لڑوایا جائے گا۔ فریال تالپور نے پارٹی عہدیداروں کو ان امیدواروں کی کامیابی کے لئے ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔ ق لیگ سے ایڈجسٹمنٹ کے لئے کمیٹی میں نذر محمد گوندل، امتیاز صفدر وڑائچ، راجہ ریاض، شوکت بسرا، عامر ڈوگر شامل ہیں۔ کمیٹی بدھ کو ڈپٹی وزیراعظم چودھری پرویزالہی سے ان کی رہائش گاہ پر پہلی ملاقات کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن