نوازشریف اور مشرف دور میں ایک یونٹ بجلی پیدا نہیں کی گئی: کائرہ
اسلام آباد (این این آئی) وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کیلئے کمشن تشکیل دیا جانا چاہئے، 1996ءسے لیکر 2007ءیعنی نوازشریف اور مشرف دور میں ایک یونٹ اضافی بجلی پیدا نہیں کی گئی، دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے ذمہ دار قوم بننا ہو گا، حکومت تاجر برادری کے مسائل حل کرنے پر توجہ دے رہی ہے ¾ عدلیہ اور میڈیا مکمل آزاد ہیں، عوام الیکشن میں اہل شخص کو ہی ووٹ دیں، وہ گزشتہ روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے نو منتخب عہدیداروں کے عشائیہ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ملک کو بے شمار مسائل درپیش تھے جن میں دہشت گردی بہت بڑا مسئلہ تھا، ہماری حکومت نے عالمی دباﺅ کو پس پشت ڈالتے ہوئے ایران سے گیس پائپ لائن کا بھی معاہدہ کیا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سسٹم میں بجلی کا اضافہ کیا ہے تاہم بجلی کی طلب میں سالانہ پانچ سے چھ فیصد تک اضافے کے باعث بجلی کی پیداوار میں یہ اضافہ دکھائی نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور طلال بگٹی کی ملاقات پر کوئی اعتراض نہیں ہم بھی بلوچوں کے مطالبات کا احترام کرتے ہیں۔ انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہونگے، سوئس حکام کو خط لکھنے کا مسئلہ بھی حل ہو رہا ہے، نگران وزیراعظم کے نام کے معاملے پر ابھی اپوزیشن سے بات نہیں ہوئی۔