شام‘ خودکش حملہ‘ بمباری ‘5 بچوں سمیت 36 ہلاک: فوجی مداخلت کی تجویز کا جائزہ لے رہے ہیں: مصر
دمشق (نیوز ایجنسیاں) شام میں خودکش حملے، جھڑپوں اور بمباری سے 8 سکیورٹی اہلکار، 5 بچوں سمیت مزید 36 افراد مارے گئے۔ چیک پوسٹ پر حملے میں 9 فوجی ہلاک ہوئے۔ بعض علاقوں سے کئی لاشیں ملی ہیں۔ شامی وزیر خارجہ ولید معلم نے کہا امریکہ بشار الاسد حکومت گرانے کیلئے کیمیکل ہتھیاروں کا پراپیگنڈہ کر رہا ہے اور ایسا ماحول بنانا چاہتا ہے جو صدام کو ہٹانے کیلئے بنایا تھا۔ العربیہ نیوز چینل نے شامی حکومت کی حساس دستاویزات کی پہلی قسط شا ئع کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال 22 جون کو شامی فوج نے ترکی کے دو ہوا بازوں کو ان کا جہاز تباہ کرنے کے بعد گرفتار کیا تو صدر اسد نے دونوں پائلٹوں کے قتل کا حکم دیا تھا۔ ادھر آن لائن کے مطابق مصر نے شام میں کسی غیر ملکی مداخلت کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ قاہرہ شامی بحران کے خاتمے کے لئے عرب فوجی مداخلت کے لئے تیار ہے۔ مصری صدر ڈاکٹر محمد مرسی کے مشیر سیف عبدالفتاح نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ قاہرہ، شام میں عرب فوجی مداخلت کے بارے میں قطری تجویز کا جائزہ لے رہا ہے۔