• news

کرشنا کا دعویٰ مسترد ‘ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے نہ کبھی رہا : پاکستان

 نےوےارک (ثناءنیوز ) پاکستان نے بھارت کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور کہا ہے کہ جموں وکشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہ ہے اور نہ کبھی رہا ہے۔ یہ بات اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل نمائندے رضا بشیر تارڑ نے جنرل اسمبلی میں جواب دینے کا اپنا حق استعمال کرتے ہوئے کہی۔ جنرل اسمبلی سے خطاب میں بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے کہا تھا کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور اقوام متحدہ میں اس مسئلے کو اٹھایا جانا مناسب نہیں ہے۔ اقوام متحدہ میں بھارت کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے رضا بشیر تارڑ نے کہا کہ صدر زرداری کی تقریر میں جموں وکشمیر کے تنازعے کا حوالہ بلاجواز نہیں تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر زرداری نے جنرل اسمبلی کے خطاب میں اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق کی حمایت جاری رکھے گا۔ واضح رہے کہ بھارتی وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں پاکستان کے صدر کا نام لیے بغیر ان کے خطاب میں کشمیر کا حوالہ دیئے جانے کو غلط قرار دیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن