• news

ہیوی مکینیکل کمپلیکس ٹیکسلا کو ایٹمی پلانٹ کے آلات بنانے کا لائسنس

اسلام آباد + کہوٹہ (خبر نگار + نوائے وقت رپورٹ) پاکستان اٹامک انرجی کمشن کے سربراہ ڈاکٹر انصر پرویز نے کہا ہے کہ عالمی جوہری توانائی ایجنسی نے پاکستان کے سول نیوکلیئر منصوبوں کی توثیق کی ہے، آئی اے ای اے کے انسپکٹر دو ماہ پہلے پاکستان آئے تھے۔ کہوٹہ میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی اے ای اے والے دیکھتے ہیں پاکستان ایٹمی فیول کہیں اور تو استعمال نہیں کر رہا ہم ایٹمی فیول کہیں اور استعمال نہیں کرتے اور نہ ارادہ ہے، آئی اے ای اے حکام سال میں 5، 6 دفعہ پاکستان آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چشمہ ایٹمی بجلی گھر تین اور چار پر دو ارب ڈالر لاگت آئی، دونوں 2016ءتک کام کرنے لگیں گے۔ اسلام آباد سے خبر نگار کے مطابق پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے ہیوی مکینیکل کمپلیکس تھری ٹیکسلا کو نیوکلیئر پاور پلانٹ میں استعمال ہونے والے آلات تیار کرنے کا لائسنس جاری کر دیا ہے۔ اس موقع پر ہیوی مکینیکل کمپلیکس تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر پانی و بجلی چودھری احمد مختار تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پانی و بجلی چودھری احمد مختار نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اس کامیابی پر وہ پاکستان اٹامک انرجی کمشن اور ہیوی مکینیکل کمپلیکس کے ملازمین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ پاکستان اٹامک انرجی کمشن کے چیئرمین انصر پرویز نے کہا ہے کہ یہ صلاحیت حاصل کر کے پاکستان دنیا کے ان 16 ممالک میں شامل ہو گیا ہے جو کہ اٹامک پاور پلانٹس کے لئے آلات تیار کرتے ہیں۔ پاکستان نیوکلیئر اتھارٹی کے چیئرمین انور چبیب نے کہا کہ ریگولیٹری اتھارٹی قائم کرنے کے لئے چائنہ کے شکرگزار ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن