ٹھوس حکمت عملی سے پاکستان ورلڈکپ جیت سکتا ہے : وسیم اکرم
کولمبو (آئی این پی) پاکستان کرکٹ ٹیم سابق کپتان وسیم اکرم نے کہاہے کہ پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف مختلف نظر آئی، ٹھوس حکمت عملی اپنا کر پاکستان ورلڈ ٹی ٹونٹی کا ٹائٹل جیت سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آسٹریلیا کے خلاف اہم میچ میں پاکستانی ٹیم متحد ہوکر کھیلی اور ہر کھلاڑی نے جان لڑائی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ فیلڈنگ میں بہتری خوش آئند ہے۔ آسٹریلیا جیسی کارکردگی برقرار رکھی تو فتح یقینی ہے۔ سری لنکا سخت حریف ہے۔ کنڈیشنزکا فائدہ اٹھا کر ٹائیگر خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ سیمی فائنل میں حکمت عملی اچھی ہوگی فتح یقینی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ گرین شرٹس ناک آﺅٹ مرحلے میں بہتر خطرناک ہوتے ہیں۔ بھارتی ٹیم آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا خمیازہ ایونٹ سے باہر ہونے کی صورت میں بھگت چکی ہے۔ یاسر عرفات کی جگہ عبدالرزاق کی شمولیت درست فیصلہ ہے۔ عبدالرزاق کی فیلڈنگ اچھی نہیں تاہم وہ اکیلا ہی میچ ونر ہے۔ ناصر جمشید اور رضا حسن مستقبل کے سٹار ہیں۔ انہیں اپنی کارکردگی اور فیلڈنگ میں مزید بہتری لانا ہوگی اور خود کو ابھی سے ہی ہیرو نہیں سمجھنا ہوگا۔ محمد حفیظ وقت کے ساتھ میچور کپتان رہے ہیں۔ بھارت کے خلاف کی گئی غلطیاں نہیں دہرائیں اور باﺅلنگ میں بروقت تبدیلیاں کیں جس سے مائیکل ہسی کھل کر بیٹنگ نہ کر سکے۔