کھلاڑیوں کو آج صرف کامیابی کیلئے میدان میں اُترنا ہو گا : اقبال قاسم
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں کھلاڑیوں کو آسٹریلیا کے خلاف میچ والا ردھم برقرار رکھتے ہوئے صرف اور صرف کامیابی کے لئے میدان میں اترنا ہوگا۔ میزبان سری لنکا کی ٹیم بھی کھیل کے کسی شعبہ میں پاکستان سے کم نہیں ہے۔ نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل تک پہنچا ایک بڑی کامیابی ہے جس کا سہرا تمام کھلاڑیوں کے عمدہ کھیل کو جاتا ہے۔ اقبال قاسم نے کہا کہ سری لنکا ٹیم کے کپتان جے وردھنے، سنگاکارا، دلشان ایسے کھلاڑی ہیں جو اپنے ہوم گرا¶نڈ پر اکیلے ہی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر سکتے ہیں۔ دونوں ٹیموں کی سپن باولنگ کا اٹیک اچھا ہے پاکستان ٹیم کو مضبوط اعصاب کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔ کپتان محمد حفیظ نے آسٹریلیا کے خلاف اچھی کپتانی کی ہے جبکہ سعید اجمل اور رضا حسن اس میچ میں بھی پاکستانی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ پاکستان ٹیم کا مختصر دورانئے کی کرکٹ میں سری لنکا کے خلاف ٹریک ریکارڈ اچھا ہے۔