14 اکتوبر کے ٹرین مارچ کی تیاریاں، رابطے مکمل ہو گئے: فضل کریم
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ گستاخانہ فلم، ڈرون حملوں، دہشت گردی، مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کے خلاف 14 اکتوبر کے ٹرین مارچ کی تیاریاں اور رابطے مکمل ہو گئے ہیں، تاریخی ٹرین مارچ میں ہزاروں افراد شریک ہوں گے۔ ٹرین مارچ کے آغاز پر کراچی اور اختتام پر راولپنڈی میں بڑے جلسے منعقد کریں گے جبکہ پچیس ریلوے سٹیشنوں پر بھی جلسے منعقد کئے جائیں گے۔ حکومت ٹرین مارچ کے راستے میں رکاوٹیں پیدا کرنے سے باز آ جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹرین مارچ کی تیاریوں کے سلسلہ میں سنی اتحاد ضلع لاہور کے عہدیداران و کارکنان کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ فضل کریم نے کہا کہ عالمی سازش کے تحت پاکستان میں افراتفری، انتشار اور خون خرابہ پیدا کیا جا رہا ہے تاکہ پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کر کے ایٹمی اثاثوں پر قبضہ کیا جا سکے، اس ناپاک سازش کو ناکام بنانے کے لئے قومی اتحاد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ محب وطن ہیں۔ وہ پاکستان سے نہیں ظالمانہ سرداری نظام سے آزادی چاہتے ہیں۔ لاپتہ افراد کی طرح پنجابیوں اور فورسز پر حملوں کی بھی مذمت ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل چیف آف آرمی سٹاف کے دورہ¿ روس کی حمایت کا اعلان کرتی ہے۔ اجلاس میں ٹرین مارچ کے لئے پچاس مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ اجلاس کے اہم شرکا میں پیر اطہر القادری، مفتی اقبال چشتی، نواز کھرل، مفتی حسیب قادری، نواز بشیر جلالی اور دیگر شامل تھے۔