شہباز شریف کی دوہری شہریت ہے: راجہ ریاض، پی پی کے لیڈر جھوٹے ہیں، رانا ثناءاللہ
لاہور (خبرنگار + خصوصی رپورٹر) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے وزیراعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف پر الزام لگایا ہے کہ ان کی دوہری شہریت ہے جبکہ پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ راجہ ریاض عدالت جائیں انہیں منہ کی کھانا پڑے گی۔ راجہ ریاض نے کہا کہ الیکشن کمشن آف پاکستان وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی دوہری شہریت کے معاملے کی تحقیقات کرکے انہیں بھی نااہل قرار دے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں الیکشن کمشن کو خط بھی لکھیں گے۔ راجہ ریاض نے کہا کہ پنجاب کے حکمران بوکھلا چکے ہیں انہیں اپنی شکست صاف نظر آ رہی ہے۔ رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ جھوٹ بولنا پیپلزپارٹی کے رہنماﺅں کا وطیرہ بن چکا ہے۔ راجہ ریاض کی پارٹی کے ایک اور سند یافتہ جھوٹے رحمن ملک بھی قبل ازےں وزیر اعلیٰ کی دوہری شہریت کے بارے میں جھوٹا بیان دے کر واپس لے چکے ہیں اور اب راجہ رےاض کو اس حوالے سے خفت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما جھوٹ بولنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے، رحمن ملک کی جھوٹ بولنے کے حوالے سے شہرت اب ملکی سرحدےں پار کرکے بےن الاقوامی سطح پر جا پہنچی ہے۔