• news

دہشت گردی کے خاتمے میں سنجیدہ ہیں، کوتاہی برداشت نہیں کرینگے: رحمن ملک

اسلام آباد (آئی این پی + ثناءنیوز) وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی تمام اقسام کی مذمت کرتا ہے ‘دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پاکستان انتہائی سنجیدہ ہے اور ہم اپنی تمام کوششیں دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے بروئے کار لا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کی جان ومال کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر داخلہ نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج ‘ ایف سی اور پولیس کی کارکردگی کو سراہنے کے علاوہ انٹیلی جنس ایجنسیز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کی تعریف کی اور مستقبل میں بھی مزید چوکنا رہنے اور دشمن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملانے کیلئے بہتر حکمت عملی کے تحت ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔ علاوہ ازیں وزیر داخلہ سے آل انڈیا بار ایسوسی ایشن کے وفد نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ وفد کی سربراہی آل انڈیا بار ایسوسی ایشن کے چیئرمین ادیش اگروال کر رہے تھے۔ وفد نے ویزہ معاہدہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاکستان کے وزیر داخلہ کو بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ پرکاش سنگھ بادل کی طرف سے بھارت کے دورہ کی دعوت دی ہے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن