پاکستان فلسطین فٹبال میچ‘ حکومت پنجاب کا سٹیڈیم دینے سے انکار
اسلام آباد (آن لائن) حکومت پنجاب نے پاکستان اور فلسطین کی فٹبال ٹیموں کے مابین ہونے والے دو میچز کے لئے پنجاب فٹبال سٹیڈیم دینے سے معذوری کا اظہار کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 16 اکتوبر کو دنیا بھر میں منائے جانے والے انٹرنیشنل فیفا ڈے کے تناظر میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کی دعوت پر فلسطین کی قومی فٹبال ٹیم بارہ اکتوبر کو لاہور پہنچ رہی ہے جہاں پر چودہ اور 16 اکتوبر کو دو میچز کھیلے جائیں گے۔ سپورٹس بورڈ پنجاب نے پنجاب یوتھ فیسٹیول کا بہانہ بنا کر پاکستان فٹبال فیڈریشن کو پنجاب سٹیڈیم دینے سے معذوری کا اظہار کر دیا ہے اور فٹبال فیڈریشن کی جانب سے لکھی گئی تین درخواستوں کا کوئی تحریری جواب بھی نہیں دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول کے دوران پنجاب سٹیڈیم اور نیشنل ہاکی سٹیڈیم کسی کو نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پنجاب سٹیڈیم نہ ملنے کی صورت میں پاکستان فلسطین میچز اسلام آباد، کراچی یا پھر لاہور ریلوے سٹیڈیم میں منتقل کئے جائیں گے۔