• news

عوام کے جان ومال کے تحفظ کے ذمہ دار کون؟

مکرمی! آئی جی پنجاب صاحب کے علم میں یہ بات اور اہم مسئلہ لانا چاہتا ہوں کہ لاہور کے علاقے، بلال گنج، موہنی روڈ، امیر روڈ میں دن رات ڈکیتیاں ہو رہی ہیں۔ سرعام لوگوں کو کھڑا کر کے لوٹا جا رہا ہے۔ اتوار23 ستمبر تقریباً 12 بجے کے قریب میں آرائیں بلڈنگ مسجد کے سامنے والی گلی میں اپنے ایک عزیز رشید صاحب کو کمیٹی دینے کیلئے انکے گھر کے دروازے پر کھڑا تھا کہ 2 موٹر سوار لڑکے ہونڈا بغیر نمبر کے میرے پاس آئے۔ ایک لڑکے نے خنجر نکالا اور دوسرے نے موذر نکال کر تلاشی کے دوران میرا بٹوا اور8 ہزار روپے لیکر دوسری گلی کے راستے فرار ہو گئے۔ میرے بٹوا کے اندر میرا شناختی کارڈ اور کاروباری کاغذات تھے۔ میں نے تھانہ داتا دربار میں جا کر رپٹ درج کروا دی۔ رپٹ درج کرنے والے نے ڈکیتی کی رپٹ درج کرنے کی بجائے صرف کاغذات گر کر گم ہونے کی رپٹ درج کر دی۔ رپٹ نمبر16 مورخہ 23-9-12 ہے حالانکہ میں نے سارا واقعہ تھانہ والے کو بتایا کہ دو لڑکے جن کی عمریں 20 سال ہوں گیں۔ ہونڈا موٹر سائیکل بغیر نمبر کی تھی۔یہی لڑکوں نے مورخہ 19 ستمبر بروز جمعرات 11½ بجے دوپہر کو رحمان کلینک چوک موہنی روڈ پر بھی ڈاکہ ڈالا تھا اور میڈیکل ریپ کے لڑکے سے بریف کیس اور نقدی لے گئے تھے۔ یہ لڑکے اٹھی تک کھلے عام ڈکیتی کر رہے ہیں کوئی ان کو گرفتار کرنے والا نہ ہے۔ لوگ راہ چلتے ہوئے اور گھروں میں بیٹھ کر لٹ رہے ہیں اور اہل علاقہ پولیس افسران خاموش بیٹھے ہوئے ہیں۔ میری آپ سے گزارش ہے کہ کوئی ایماندار افسر اس تھانہ پر لگائیں جو اس علاقہ کو جرائم اور ڈکیتیاں سے پاک صاف کرے تاکہ لوگ بلاخوف و خطر اپنے معمولات زندگی جاری رکھیں۔(محمد اسلام بسرا10 موہنی روڈ لاہور)

ای پیپر-دی نیشن