• news

کنٹرول لائن کو سرحد تسلیم کرنا کشمیری شہداءکیساتھ مذاق ہوگا: فضل الرحمن

 اسلام آباد(ثناءنیوز )پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن کو سرحد تسلیم کرنا کشمیری شہیدوں، بیواﺅںاور یتیموں کےساتھ مذاق ہے۔ وہ گزشتہ روز بھارتی وکلا کے وفد کے سربراہ ڈاکٹرآدیش اگروالا کے بیان پر تبصرہ کر رہے تھے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کےلئے کنٹرول لائن کو سرحد مان لینا چاہئے۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ کشمیریوں نے الحاق پاکستان کےلئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ 1947ءسے لےکر اب تک 5 لاکھ سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ 25 ہزار کے لگ بھگ خواتین کی عصمتیںلٹیں، ہزاروں بچے یتیم ہوئے۔ کشمیریوں کی جائیدادیں تباہ کر دی گئیں،اس لئے کنٹرول لائن کو سرحد مان لینا مظلوم کشمیری عورتوں ،مردوں اور یتیموںکے ساتھ مذاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی عوام اپنی حکومت پر زور ڈالیں کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کےلئے پاکستان کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات کرے اور ٹال مٹول سے کام نہ لے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت مسئلہ کشمیر پر قومی موقف پر مضبوطی سے کام کرےگی۔

ای پیپر-دی نیشن