ایران نائن الیون کے واقعہ میں ملوث ہے نہ القاعدہ سے کوئی تعلق: نژاد
نیویارک (اے پی پی + آن لائن) ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے امریکی عدالت کے فیصلے پر ردعمل میں واضح طور پر تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نائن الیون کے واقعہ میں ایران ملوث ہے نہ اس کا القاعدہ سے کوئی تعلق ہے۔ واضح رہے کہ امریکی عدالت نے نائن الیون واقعہ میں ایران، القاعدہ اور طالبان کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے 6 ارب ڈالرز جرمانہ ادا کرنے کے فیصلے کی منظوری دی۔ نیویارک فیڈرل جج نے نائن الیون واقعہ میں ہلاک ہونے والے 47 افراد کے ورثا کی پٹیشن پر ایران، القاعدہ اور طالبان کو واقعہ کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ فیصلے کی منظوری مقدمے کی عدم پیروی کی بنیاد پر دی گئی ہے۔ پٹیشن پر کچھ ماہ قبل ماتحت عدالت (مجسٹریٹ) نے فیصلے کی منظوری کے لئے سفارش کی تھی۔ ضلعی عدالت کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای، لبنان کے شدت پسند گروپ حزب اللہ، طالبان اور القاعدہ نائن الیون کے حملوں کے ذمہ دار ہیں۔