ڈرون حملہ پاک فوج کے کامیاب آپریشن کا اثر زائل کر دیتا ہے: جنرل (ر) اطہر
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل (ر) اطہر عباس نے کہا ہے کہ ڈرون حملہ پاک فوج کے کامیاب آپریشن کا اثر زائل کر دیتا ہے اور یہ حملے کامیاب آپریشن والے علاقوں میں انتظامی امور مکمل بحال کرنے میں مشکل کا سبب ہیں۔ ڈرون حملوں کے اثرات پر سیمینار سے خطاب میں انہوں نے کہا پاک فوج نے سوات، باجوڑ اور جنوبی وزیرستان میں کامیاب آپریشنز کئے۔ ڈرون حملوں کی وجہ سے ان علاقوں میں انتظامی امور مکمل بحال نہیں ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرون کا درست استعمال کیا جانا ضروری ہے۔ امریکہ پاکستان سے مشاورت کے بعد ڈرون استعمال کرے تو زیادہ موثر ہو سکتے ہیں۔