• news

سندھ میں بلدیاتی نظام اور بشیر قریشی کے قاتل گرفتار نہ ہونے کیخلاف مظاہرہ

کوٹ غلام محمد (آن لائن) سندھ میں بلدیاتی نظام اور بشیر خان قریشی کے قاتلوں کو گرفتار نہ کرنے کے خلاف جہلوری شہر میں فنکشنل لیگ اور جسقم کے رہنماﺅں کی سربراہی میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، ریلی نکالی گئی اور سورھیہ چوک پر دھرنا دیا گیا، احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے فقیر سعیداللہ مہر نے کہا کہ خود کو جمہوریت کا دعویدار کہلانے والوں نے سندھ کا سودا کرکے سندھ دھرتی ماں کو شہید کیا ہے اقتدار کے نشے میں دھت غداروں کو سمجھنا چاہئے کہ کل واپس عوام کے پاس جانا ہے، الیکشن میں غداروں کو معلوم ہو جائے گی کہ سندھ کا سودا کیسے کیا جاتا ہے، جسقم رہنما نور محمد مغل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ہزاروں سالوں سے ہے اور ہمیشہ رہے گا پی پی کے دعویدار ایک لسانی پارٹی کے آگے بلیک میل ہوگئی ہے ایک دھمکی پر سندھ ان کے حوالے کردیا گیا۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے رہنما لیاقت علی جتوئی نے نادر چوک میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی والوں نے اقتدار بچانے کی خاطر صوبے میں دوہرا بلدیاتی نظام لاگو کیا ہے۔ مسلم لیگ ن اس بل کو مسترد کرتی ہے۔ لیاقت جتوئی نے کہا کہ بلدیاتی نظام کا بل سندھ کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کی سازش ہے۔ بل واپس نہ ہوا تو ہر مزاحمت کرینگے۔ سہون شریف سے نامہ نگار کے مطابق مسلم لیگ ن سندھ کے رہنما لیاقت علی خان جتوئی کی قیادت میں نئے بلدیاتی نظام کے خلاف گزشتہ روز لعل باغ سہون سے لیکر درگاہ قلندر لعل شہباز تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن