بھارت سے تعلقات میں بہتری کے باوجود مسئلہ کشمیر نظرانداز نہیں کرسکتے: رضا ربانی
مانچسٹر (نیوز ایجنسیاں) جموں وکشمیرکے عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر حل ہوگا اور پاکستان کی موجودہ حکومت بھارت کے ساتھ ہر طرح کے معاہدوں کے باوجود مسئلہ کشمیر پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ لیبرپارٹی کے ممبران پارلیمنٹ اور کونسلر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی معاونت جاری رکھیں گے جبکہ تمام کشمیری وپاکستانی تنظیمیں برطانیہ اور یورپ میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے بنیادی نکتے پرمتحد ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے چیئرمین سینٹر میاں رضاربانی، برطانوی رکن پارلیمنٹ جولی پلنگ، بیرسٹر یاسمین قریشی، پاکستان پیپلزپارٹی برطانیہ کے صدر سید حسن احمد بخاری ، تحریک حق خودارادیت یورپ کے چیئرمین راجہ نجابت حسین، مسلم کانفرنس برطانیہ کے صدر چوہدری محمد بشیر رٹوی، لبریشن فرنٹ برطانیہ کے صدر پروفیسر عظمت اے خان، مانچسٹر کے سابق لارڈ میئرکونسلر افضل خان، مسلم لیگ (ق) شعبہ خواتین کی کنوینئر بیرسٹر شازیہ انجم، بریڈفورڈ کی سابق لارڈ میئر کو نسلر نویدہ اکرام کے علاوہ درجنوں رہنماﺅں نے کشمیر تحریک حق خودارادیت یورپ کے شعبہ خواتین کی طرف سے لیبرپارٹی کانفرنس کے موقع پر آرگنائز کیے گئے ایک خصوصی پروگرام میں کیا۔ مہمان خصوصی میاں رضاربانی نے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان کی موجودہ حکومت اپنے قومی موقف پرقائم ہے ہم دنیامیں بدلتے ہوئے حالات کے مطابق بھارت کے ساتھ ہرطرح کے تعلقات میں بہتری لارہے ہیں مگرمسئلہ کشمیر کو کسی بھی صورت میں نظر انداز نہیں کرسکتے کشمیری ہمارے جسم کا حصہ ہیں۔ انھوں نے اس موقع پر بین الاقوامی برادری پرزوردیاکہ وہ مسئلہ کشمیر پردوغلی پالیسی چھوڑ کراس مسئلے کوانسانی بنیادوں پرحل کروانے میںہماری حمایت کریں۔