سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات 31 اکتوبر کو ہونگے، آج کاغذات جمع کرانے کی آخری تاریخ ہے
لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ 31 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آج آخری تاریخ ہے جو 4 بجے تک جمع کروائے جا سکیں گے۔ 9 اکتوبر کو کاغذات کی جانچ پڑتال ہو گی۔ اتبدائی فہرست 12 اکتوبر کو آویزاں کی جائے گی۔ کاغذات کے خلاف اعتراضات 15 اکتوبر کو داخل کئے جا سکیںگے۔ جن کی سماعت 17 اکتوبر کو ہو گی جبکہ حتمی فہرست 22 اکتوبر کو لگا دی جائے گی۔ انتخابات میں صدارتی امیدوار کے لئے 75 ہزار روپے نائب صدر اور سیکرٹری کے لئے 50 ہزار روپے جبکہ ممبر ایگزیکٹو کمیٹی کے لئے 20 ہزار روپے فیس رکھی گئی ہے۔ انتخابات میں 2592 ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ اس بار صدر صوبہ پنجاب سے منتخب ہو گا۔ صدارت کے لئے احمد اویس اور ا سرار الحق میاں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔