استاد ملکی نظام کی بنیاد ہے لیکن اسے مکمل نظرانداز کردیا گیا‘ جاوید لغاری
اسلام آباد (جاوید صدیق) ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین جاوید لغاری نے کہا ہے کہ استاد پورے ملکی نظام کی بنیاد ہے لیکن ہمارے ہاں استاد کو بالکل نظرانداز کردیا گیا ہے۔ سلام ٹیچر ڈے کے موقع پر نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے اپنے لیکچراروں اور اسسٹنٹ پروفسروں کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کردیا ہے۔ کالجوں اور نچلے درجے کے تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی سیاسی سفارش پر بھرتیاں بند ہونا چاہئیں۔ ہمارے تعلیمی اداروں میں سفارشی اساتذہ تعلیم کا حلیہ بگاڑ رہے ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ ہم اساتذہ کو جہاں اچھی تنخواہیں اور مراعات دیں وہاں ان کی استعداد اور تربیت بہتر بنائیں تاکہ معیار تعلیم بہتر ہوسکے۔ جاوید لغاری نے بتایا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اگلے ہفتے سے وائس چانسلروں کا ایک تربیتی کورس شروع کررہا ہے۔ اسی طرح کالجوں اور سکولوں کے سربراہوں اور اساتذہ کا ایک تربیتی پروگرام شروع کیا جائے گا تاکہ انہیں تدریس کے نئے طریقوں سے روشناس کرایا جاسکے۔ جاوید لغاری نے کہاکہ پاکستان کو علاقائی سطح پر بھی تعلیمی معیارات پر پورا نہیں اترتا۔