ملکی ترقی بلوچستان سے منسلک ہے، حکمران ہوش کے ناخن لیں: شیخ رشید
خانیوال (نیوز رپورٹر + نامہ نگار) جمہوریت کی باتیں کرنے والے مارشل لا کی گود میں انڈے دیتے ہیں۔ اپنے دور اقتدار میں 24 نئی ٹرینیں چلائیں مگر اب 124 ٹرینیں بند پڑی ہیں اور 29 میں سے 19 ہوائی جہاز خراب پڑے ہیں۔ پاکستان کی ترقی بلوچستان سے منسلک ہے، حکمران ہوش کے ناخن لیں نہیں تو بلوچستان کو خطرہ ہے۔ یوسف رضا گیلانی کو کہا تھا کہ اتنی لوٹ مار نہ کرو کے تمہیں جیل جانا پڑے۔ ان خیالات کا اظہار عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید نے پیپلز کالونی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں بیان ریکارڈ ہے کہ جان بوجھ کر انجنوں میں ناقص موبل آئل ڈالا گیا تاکہ نئے انجنوں کی خریداری کر کے کمیشن کھایا جا سکے جبکہ آج کے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے بارے میں سپریم کورٹ میں سرخ سیاہی سے فیصلہ لکھا تھا کہ یہ چور ہے جنہوں نے بلال گنج سے انجن اٹھائے اور پاور پلانٹ شو کئے۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک پر ڈاکو اور چور لٹیرے قابض ہیں۔ پٹرول گیس کے مسئلے پر پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پی کے کی صوبائی حکومتیں نہیں بولیں گی کیونکہ ریٹ بڑھانے سے ان کا کمیشن بڑھ جاتا ہے جبکہ پنجاب کی حکومت عوام کو لیب ٹاپ اور چنگ چی رکشہ قرعہ اندازی میں دیکر خوش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آج بھی بلوچستان میں لیوی فورس کی تنخواہیں طلال اکبر بگٹی اور اختر مینگل دے رہے ہیں اور لیوی کو صرف اور صرف اپنے تابعداری کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔