• news

پٹرول 2.04 روپے لٹر‘ سی این جی 2.60 روپے کلو مہنگی کرنے کی سمری وزارت پٹرولیم کو ارسال

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز/ اے پی اے) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سمری وزارت پٹرولیم کو ارسال کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق اوگرا کی جانب سے بھیجی گئی سمری میں ڈیزل کے علاوہ تمام پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ پٹرول کی قیمت میں 3روپے 4پیسے فی لٹر اضافے اور ڈیزل کی قیمت میں 2روپے 70پیسے فی لٹر کمی کی تجویز دی گئی ہے۔ سمری میں مٹی کے تیل کی قیمت میں 72پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 48پیسے فی لٹر اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی حتمی منظوری آج دے گی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 8اکتوبر سے ہو گا۔ 3روپے 4پیسے اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 105روپے 49پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 2روپے 70پیسے کمی کے بعد 100روپے 46پیسے ہو گی۔ 72پیسے اضافے کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 101روپے 95پیسے، لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 48پیسے اضافے کے بعد 97روپے 55پیسے ہو گی۔ سی این جی کی قیمتوں میں 2روپے 60پیسے فی کلو گرام اضافے کا امکان ہے۔ وزارت پٹرولیم کی جانب سے سمری کی منظوری کے بعد (آج) اتوار کو قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی خبر آتے ہی اکثر پٹرول پمپس کے مالکان نے موٹرسائیکل سواروں کو ایک لٹر جبکہ کار والوں کو 10 لٹر سے زائد پٹرول دینے سے انکار کردیا جبکہ کئی پٹرول پمپس کے مالکان نے بجلی بند ہے، موٹر خراب ہے کے بورڈز آویزاں کرکے سپلائی بند کردی۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب پٹرول مہنگا ہونا ہوتا ہے تو مالکان سپلائی بند کردیتے ہیں جو سراسر ظلم ہے۔ ایسے پمپ مالکان کےخلاف فوری کارروائی ہونی چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن