• news

صہبا مشرف کے ذرائع آمدن کی تحقیقات کا حکم ‘ ایف آئی اے سے رپورٹ طلب

راولپنڈی (ثناءنیوز + نوائے وقت نیوز) راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پرویز مشرف کے اکاﺅنٹس منجمد کرنے کےخلاف درخواست کی سماعت کے دوران صبہا مشرف کے ذرائع آمدن کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔ صبہا مشرف نے بےنظیر بھٹو قتل کیس میں پرویز مشرف کے اثاثوں کو منجمد کرنے کےخلاف دائر درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ یہ تمام اثاثے اور بینک اکاﺅنٹس ان کے نام پر ہیں جس پر دونوں جانب کے وکلاءکے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جسے ہفتہ کے روز مختصر حکم کے ذریعہ سنایا گیا۔ عدالت نے بیگم صبہا مشرف کے ذرائع آمدن کی تحقیقات کا حکم دیا اور کہا ہے کہ یہ اثاثہ جات کہاں سے بنائے گئے۔ اس حوالہ سے ایف آئی اے مکمل رپورٹ تیار کر کے عدالت میں پیش کرے اور آئندہ تاریخ سماعت پر اس نقطہ پر بحث ہوگی۔ پراسیکیوٹر ایف آئی اے چودھری ذوالفقار نے عدالت کو بتایا کہ فارم ہاﺅس صہبا مشرف کی ملکیت ہے تو سی ڈی اے ریکارڈ میں پروےز مشرف کیسے مالک ہیں۔ ایڈووکیٹ الیاس صدیقی نے کہا کہ پرویز مشرف کے جوائنٹ اکاﺅنٹس منجمد نہیں ہوسکتے۔ چودھری ذوالفقار نے کہا کہ صہبا مشرف کی آمدنی کا ذریعہ پرویز مشرف ہیں جو اشتہاری ملزم ہیں۔ قرقی سے بچنے کیلئے جعلی گفٹ ڈیڈ تیار کی گئی ہے۔ عدالت نے بعدازاں کیس کی سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

ای پیپر-دی نیشن