فیروزوالا: محکمہ صحت کے قوانین کی خلاف ورزی‘ نیم حکیموں کی تشہیری مہم جاری
فیروزوالا (نامہ نگار) نیم حکیموں کی طرف سے محکمہ صحت کے قوانین کی کھلے عام خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے۔ خطرناک بیماریوں کے علاج کے لئے بھرپور تشہیری مہم کی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق شاہدرہ‘ جی ٹی روڈ‘ شرقپور‘ مریدکے اور راوی پار کے نواح میں سڑکوں کے اطراف موجود عمارتوں کی دیواروں اور پلوں کے کناروں پر نیم حکیموں نے اپنے اپنے ناموں کے بڑے بڑے دعوے کرنے والے اشتہارات لکھوا رکھے ہیں۔ اکثر علاقوں میں جعلی ڈاکٹروں کی طرف سے خطرناک بیماریوں کے علاج کے لئے گلی کوچوں میں اشتہارات‘ بروشر‘ پمفلٹ کے ذریعے بھرپور تشہیری مہم چلائی ہوئی ہے۔ ڈرگ ایکٹ کے تحت کوئی بھی ادویہ کی تشہیر پر سختی سے پابندی عائد کی گئی ہے لیکن اکثر میڈیکل سٹوروں پر بڑے بڑے نامور ڈاکٹروں کے نام بورڈز پر درج ہوتے ہیں مگر کبھی یہ ڈاکٹر نظر نہیں آتے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کے ڈرگ انسپکٹروں نے اپنا منتھلی سسٹم طے کر رکھا ہے جس کی وجہ سے میڈیکل سٹوروں پر کھلے عام ادویات فروخت کی جا رہی ہیں۔